وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران نے جنگ کو فوری اور مستقل طور پر روکنے پر اتفاق کیا ہے۔ جبکہ معاہدے پر باضابطہ دستخط 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اتوار کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان امن معاہدہ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں طے پایا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو خطے میں استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی سرگرمیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کے مطابق معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی، جہاں امریکہ اور ایران کے نمائندے معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔
وزیراعظم نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے واشنگٹن اور تہران کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ دونوں فریقوں نے جاری فوجی محاذ آرائی کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کے حل کا راستہ اختیار کیا۔
انہوں نے مذاکراتی عمل میں کردار ادا کرنے والے علاقائی ثالثوں اور شراکت دار ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے قطر کی ثالثی اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت نے بھی اہم اور مؤثر کردار ادا کیا، جس سے معاہدے تک پہنچنے میں مدد ملی۔
شہباز شریف کے مطابق معاہدہ طے پانے کے بعد ثالثی کرنے والے فریق اس ہفتے متعدد ملاقاتوں کا اہتمام کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں معاہدے پر عمل درآمد سے قبل انتظامی اور تکنیکی امور کا جائزہ لیا جائے گا اور دستخطی تقریب سے پہلے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے لیے ضروری بنیاد فراہم کی جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور مختلف تنازعات کے سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔
تاہم خبر جاری ہونے تک امریکہ یا ایران کی جانب سے معاہدے کی تفصیلات سے متعلق کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تھا۔”,


