ہومانٹرنیشنلایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو چکا، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو چکا، ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ مکمل ہو چکا ہے اور انہوں نے آبنائے ہرمز کو بغیر کسی فیس کے کھولنے اور ایرانی بندرگاہوں کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی فوری طور پر ختم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اس کے ذریعے آبنائے ہرمز کو بلا معاوضہ کھولنے اور اسی کے ساتھ امریکی بحری ناکہ بندی کے فوری خاتمے کی مکمل اجازت دیتا ہوں۔

ٹرمپ نے کہا کہ’’ دنیا کے جہازوں! اپنے انجن چلا دو اور تیل کی ترسیل شروع کرو۔‘‘

چند گھنٹے قبل وال سٹریٹ جرنل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے بتایا کہ اس معاہدے پر یا تو وہ خود الیکٹرانک طور پر دستخط کریں گے یا نائب صدر جے ڈی وینس ذاتی طور پر دستخط کریں گے۔

ٹرمپ کے مطابق اس معاہدے میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کا عہد اور آبنائے ہرمز کو فوری طور پر دوبارہ کھولنا شامل ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران سے جوہری مواد نکالنے کی کوئی فوری ضرورت نہیں اور اس معاملے میں کوئی جلدی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم تیار ہوں گے اور اس مقصد کے لئے جائیں گے تو بعد میں جوہری مواد سے نمٹ لیں گے۔ میرا خیال ہے کہ اگلے ایک یا دو ماہ میں یہ کام ہو سکتا ہے، اس میں کوئی جلدی نہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کی سخت نگرانی کی جائے گی تاہم انہوں نے اس کے طریقہ کار کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔

ٹرمپ کے مطابق اس معاہدے کے تحت ایران کو نقد رقم فراہم نہیں کی جائے گی، البتہ اس پر عائد پابندیاں ممکنہ طور پر اٹھائی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ ان کا رویہ کیسا رہتا ہے۔

معاہدے سے متعلق ٹرمپ کی پوسٹ سے کچھ ہی دیر قبل پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اعلان کیا تھا کہ اس معاہدے کی باضابطہ دستخطی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں