اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تاریخ اس قدم کو یاد رکھے گی جب شہباز شریف نے نعرہ لگایا کہ ریاست کو بچاؤں گا، سیاست کی پرواہ نہیں۔ انہوں نے حکومت سنبھالنے کے وقت معیشت کو سنبھالا۔
عطا تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہا کہ بجٹ میں مثبت اقدامات کیے گئے ہیں اور ان کی تعریف ضروری ہے۔ تنخواہ دار طبقے کو بجٹ میں خاطر خواہ ریلیف دیا گیا ہے۔ 50 ہزار اور اس سے نیچے تنخواہ پر کوئی ٹیکس نہیں ہے، جبکہ 50 ہزار سے 1 لاکھ تنخواہ پر 1 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ایف بی آر اصلاحات کے تحت قوم کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے جس کے اثرات ہر شہری تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں منصفانہ نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ ٹیکس دینے والوں پر نہ پڑے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بجٹ میں ہاؤسنگ سیکٹر کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے جس کے تحت 5، 10 مرلہ گھر اور پلاٹ پر ٹیکس میں ریلیف دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی خصوصی کاوش سے ہاؤسنگ سیکٹر کو تقویت ملے گی اور ‘اپنا گھر اسکیم’ کے تحت محروم طبقات کو ایک کروڑ تک قرضہ ملے گا۔


