اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں جمعہ کو ایک غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں پی ایس ڈی پی، ٹیکسز اور تنخواہوں و پنشن میں اضافے کے معاملات پر مشاورت کی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بجٹ کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق افراط زر کی شرح کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ تاہم، وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ متوقع وسائل کے مطابق ریلیف کی تفصیلات تیار کی جائیں۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔


