تہران (لارڈ میڈیا): امریکا کی جانب سے ایرانی ساحلی فوجی تنصیبات پر حملوں کے بعد ایران نے کویت اور بحرین پر میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے کویت میں امریکی فضائی اڈوں اور بحرین میں بحری اڈے کو نشانہ بنایا۔ امریکی فوج نے کہا کہ میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنائے گئے۔
ایرانی نیوز ایجنسی فارس کے مطابق، یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب امریکی نگرانی میں چار تیل کے ٹینکرز نے آبنائے ہرمز سے نکلنے کی کوشش کی، جسے ایرانی بحریہ نے روکا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرونز نے ایران کے قشم اور سیریک میں میزائل داغے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر یہ شرارتیں دہرائی گئیں تو آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے کی ذمہ داری امریکا پر ہوگی۔
کویت کے سرکاری میڈیا کے مطابق، فضائی دفاعی نظام نے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کوشش کی جبکہ بحرین میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون مراکز تباہ کیے جاچکے ہیں، جبکہ ایران نے دعویٰ کیا کہ امریکی اڈے بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنائے گئے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری ہیں، جبکہ ایران کے منجمد مالی اثاثوں کی بحالی اور تیل کی برآمدات پر پابندیوں میں نرمی جیسے مطالبات پر بات چیت ہو رہی ہے۔


