ممبئی (لارڈ میڈیا): بولی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی زندگی پر مبنی فلم ‘کالا ہرن’ کے تنازع میں شدت آ گئی ہے، جب ان کی سابقہ دوست سومی علی نے فلم کے ڈائریکٹر امت جانی کی کھلم کھلا حمایت کر دی۔
فلم کا پوسٹر شائع ہوتے ہی سرخیوں میں آ گیا ہے، جس میں سلمان خان سے مشابہت رکھنے والے ایک شخص کو دکھایا گیا ہے، جس نے ہاتھ میں سلمان خان کا مشہور بریسلیٹ پہن رکھا ہے اور نشانہ باندھ رہا ہے۔
سلمان خان کی قانونی ٹیم نے فلم کو روکنے کے لیے فلم ساز امت جانی کو نوٹس بھیجا ہے، جس میں فلم کے ٹیزر، پوسٹر اور تمام تشہیری مواد کو انٹرنیٹ سے فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تاہم، فلم کے پروڈیوسر امیت جانی نے اس قانونی کارروائی کو نظر انداز کرتے ہوئے نوٹس کو پھاڑ دیا اور کہا کہ وہ کسی بھی دباؤ کے آگے جھکنے والے نہیں ہیں۔
امیت جانی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں سلمان خان کی حمایت میں مبینہ طور پر انڈر ورلڈ کی ڈی کمپنی سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے سلمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے نوٹس کا جواب نہیں دوں گا۔
سومی علی نے سوشل میڈیا پر اپنے تبصرے میں کہا کہ آپ کو کسی بھی موضوع پر فلم بنانے کا پورا حق ہے اور صرف قصوروار لوگ ہی چھپتے ہیں۔ ان کے اس تبصرے پر سلمان خان کے مداحوں نے شدید تنقید کی۔
سلمان خان کی طرف سے اب تک اس تنازع پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ وہ اس وقت اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔


