نئی دہلی (لارڈ میڈیا): بھارتی یوٹیوبر دھرو راٹھی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں شرکت کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ احتجاج کے دوران ممکنہ خلل کے خطرے کے پیش نظر موبائل کیمرہ آن رکھیں۔ کاکروچ جنتا پارٹی کا پُرامن احتجاج ملک کے اہم امتحانات کے پرچے لیک ہونے کے خلاف آج جنتر منتر پر ہورہا ہے، جس کی قیادت پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کر رہے ہیں۔
دھرو راٹھی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ یہ بھارت کا سب سے بڑا جین زی احتجاج ہوگا اور شرکت کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے والدین کو بھی ساتھ لائیں تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ بھارت کا نظام کتنا کرپٹ ہوچکا ہے۔
راٹھی نے مزید کہا کہ احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے بعض سیاسی جماعتوں کے غنڈے خلل ڈال سکتے ہیں، اس لیے لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے ریکارڈنگ کی جائے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کا آغاز گزشتہ ماہ بھارتی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کے ریمارکس کے بعد ہوا تھا، جو اب ایک بڑی نوجوانوں کی تحریک بن چکی ہے۔ اس مہم کی حمایت کئی معروف شخصیات نے بھی کی ہے۔


