ہومانٹرنیشنلایران کے اسلامی پاسداران انقلاب کا اسرائیل کو لبنان پر حملے فوری...

ایران کے اسلامی پاسداران انقلاب کا اسرائیل کو لبنان پر حملے فوری بند کرنے کا انتباہ

تہران (شِنہوا) ایران کے اسلامی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ اسرائیل فوری طور پر لبنانی عوام کے خلاف حملے بند کرے اور مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اپنی افواج واپس بلائے۔

سرکاری ادارے سپاہ نیوز پر جاری بیان میں آئی آر جی سی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ 8 اپریل کو امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی قبول کرنے کے لئے ایران کی بنیادی شرط تمام محاذوں خاص طور پر لبنان میں مکمل جنگ بندی تھی۔

بدھ کے روز لبنانی نشریاتی ادارے المیادین کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل بیروت پر حملہ کرتا ہے تو ایران جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ تہران نے تمام متعلقہ فریقوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ لبنانی دارالحکومت پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کرے گا اور ایسا اقدام دوبارہ جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور حزب اللہ نے جمعرات کو ایک بار پھر ایک دوسرے پر حملے کئے حالانکہ اسرائیل اور لبنان نے بدھ کے روز واشنگٹن میں سہ فریقی مذاکرات کے بعد جنگ بندی پر عملدرآمد پر اتفاق کیا تھا۔

جنگ بندی کا انحصار حزب اللہ کی جانب سے ہر قسم کی فائرنگ کے مکمل خاتمے اور دریائے لیتانی کے جنوب میں موجود حزب اللہ کے تمام ارکان کے انخلا پر ہے۔

دریں اثنا جمعرات کو حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی اور جب تک لبنان کی سرزمین پر اسرائیلی قبضہ اور حملے برقرار رہیں گے، اسرائیلی آبادیاں محفوظ نہیں رہیں گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں