سان فرانسسکو (لارڈ میڈیا): میٹا کی جانب سے انسٹاگرام اور فیس بک صارفین کے لاک اکاؤنٹس کی ریکوری کے لیے متعارف کرایا گیا اے آئی سپورٹ چیٹ بوٹ اب سیکیورٹی خطرات کا باعث بن گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے اس نظام کو اکاؤنٹس ہائی جیک کرنے کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔
یہ اے آئی اسسٹنٹ دسمبر 2025 میں اکاؤنٹ ریکوری کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا، مگر سیکیورٹی محققین کا کہنا ہے کہ اس نے غیر متوقع طور پر ہیکرز کے لیے راستے کھول دیے ہیں۔ یہ نظام بعض صورتوں میں انسٹاگرام اکاؤنٹس پر کنٹرول حاصل کرنا آسان بنا دیتا ہے، حتی کہ دو مرحلہ تصدیق کے باوجود بھی۔
ایکس (سابق ٹوئٹر) پر موجود سیکیورٹی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ہیکرز اے آئی چیٹ بوٹ کو ہدایت دے کر مخصوص اکاؤنٹ سے منسلک ای میل ایڈریس تبدیل کرتے ہیں، جس کے بعد پاس ورڈ ری سیٹ کے ذریعے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔
ٹیلیگرام پر مارچ سے اس خامی پر بحث جاری تھی، اب اس کے عملی استعمال کے شواہد سامنے آنے کے بعد معاملہ سنگین ہو گیا ہے۔ میٹا کے عہدیدار اینڈی اسٹون نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی اس مسئلے کو درست کرنے پر کام کر رہی ہے اور متاثرہ اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ کتنے اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں، تاہم رپورٹس کے مطابق کئی ہائی پروفائل اکاؤنٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں سابق امریکی صدر باراک اوباما کا وائٹ ہاؤس انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔


