واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف جنگی اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔ قرارداد ڈیموکریٹ ارکان کی جانب سے 215 ووٹوں کی حمایت سے منظور ہوئی، جبکہ مخالفت میں 208 ووٹ ڈالے گئے۔ اس قرارداد کے تحت کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی جاری رکھنے پر پابندی کی کوشش کی گئی ہے۔
قرارداد کی حمایت میں چار ریپبلکن ارکان نے بھی اپنی جماعت کی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا، جسے صدر ٹرمپ کی ایران پالیسی کے خلاف ایک غیر معمولی سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ اس قرارداد کے مطابق صدر کو ایران کے خلاف جاری یا مستقبل کی فوجی کارروائی کے لیے کانگریس سے باقاعدہ منظوری لینا ہو گی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس قرارداد کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی نافذ ہے اور انتظامیہ امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔


