روم (لارڈ میڈیا): پاکستان اور اٹلی نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لئے ویزے کی شرط ختم کر دی ہے۔ اس معاہدے پر پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے سیکرٹری جنرل، ریکارڈو گوریلیا نے دستخط کیے۔ تقریب روم میں اٹلی کی وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر دونوں حکام نے ملاقات کی جہاں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
معاہدے کو باہمی اعتماد کی عکاسی قرار دیا گیا جس سے سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی ہوگی۔ دونوں ممالک کے مابین مزید مضبوط روابط کی توقع کی جا رہی ہے۔
نئے معاہدوں پر غور جاری ہے، جبکہ 21 مفاہمتی یادداشتیں اور 15 معاہدے پہلے سے موجود ہیں۔ دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009 میں طے پایا اور سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2013 میں قائم ہوا۔
7 مئی 2025 کو پاکستان اور اٹلی کے درمیان لیبر موبیلٹی اینڈ مائیگریشن معاہدہ طے پایا جس سے پاکستانیوں کو اٹلی میں ملازمتوں کے کوٹے سے فائدہ ملے گا۔
پاکستانی سفیر نے اٹلی کے سیکرٹری جنرل کو دوطرفہ سیاسی مشاورت میں شرکت کی دعوت دی اور اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارت خانے کے افتتاح کی خواہش ظاہر کی۔


