لاہور (لارڈ میڈیا): حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب میں 2.5 ارب روپے کے شجرکاری منصوبے کی منظوری دی ہے۔ یہ منصوبہ ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف اضلاع میں شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 7 ہزار 249 ایکڑ خالی جنگلاتی زمین کو سرسبز بنایا جائے گا۔
حکومت پنجاب کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی، درجہ حرارت میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا ہے۔ خالی اراضی پر شجرکاری سے دریائی جنگلات پر قبضے روکنے میں بھی مدد ملے گی۔
ڈی جی خان فاریسٹ سرکل، جو پنجاب کے 57 فیصد دریائی جنگلات پر مشتمل ہے، کو منصوبے میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ شجرکاری ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ اور کوٹ ادو میں کی جائے گی۔
منصوبے میں شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کی تنصیب اور مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے درختوں کی شجرکاری شامل ہے۔ حکومت کے مطابق یہ اقدامات کاربن ذخیرہ بڑھانے، سموگ کی شدت کم کرنے اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دیں گے۔


