اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان طالبان پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ اتنے زیادہ مکسڈ سگنلز دیتے ہیں کہ ان پر اعتبار کرنا خطرناک ہوگا۔ جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ پیغام ابھی تک صرف میڈیا پر ہی ہے، مگر عملی طور پر کالعدم ٹی ٹی پی کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے براہ راست اور واضح پیغام آنا چاہیے کیونکہ یہ مکسڈ سگنلز ان کے رویے کی غیر یقینی کو ظاہر کرتے ہیں۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جب بھی طالبان سے ملاقات ہوتی ہے، وہ زبانی طور پر ٹی ٹی پی کو روکنے کی بات کرتے ہیں مگر تحریری معاہدہ کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ طالبان کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعاون سے سہ فریقی تحریری معاہدہ ہوا تھا مگر اس کے تینوں نکات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے ان پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔


