تہران (لارڈ میڈیا): امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے مبینہ طور پر اپنے اختیارات محدود ہونے کے باعث استعفیٰ دینے کی درخواست کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے دفتر کو بتایا کہ انہیں اہم فیصلوں کے عمل سے باہر رکھا جا رہا ہے۔ بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب گارڈز کا اثر و رسوخ بڑھنے سے منتخب حکومت کا کردار کمزور ہوگیا ہے۔
تاہم ایرانی حکام نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔ صدارتی دفتر کے عہدیداروں اور پاسداران انقلاب گارڈز کے ذرائع نے کہا ہے کہ صدر نے نہ استعفیٰ دیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی درخواست کی ہے۔ صدر مسعود پزشکیان بدستور اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
یہ خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور ایران کے اندر مختلف سیاسی دھڑوں کے درمیان اختلافات کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں۔ تاہم ایرانی حکومت کی جانب سے صدر مسعود پزشکیان کے استعفے کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔


