اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سمز کے استعمال سے اکاؤنٹ معطل ہو سکتا ہے۔ پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل شناخت کی حفاظت کے لیے اپنے واٹس ایپ نمبر کو فعال اور رجسٹرڈ سم سے منسلک کرنے کو یقینی بنائیں۔
پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ اگر آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی غیر فعال، بلاک، منسوخ شدہ یا غیر رجسٹرڈ سم سے منسلک ہے تو یہ جلد ہی ناقابل رسائی ہو سکتا ہے۔
صارفین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل نمبر کی بائیو میٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کے لیے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔ اگر موجودہ سم غیر فعال ہے تو فوراً واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی تصدیق شدہ اور فعال سم پر منتقل کریں۔


