اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ مارگلہ ہیوی انڈسٹریز اور جولٹا الیکٹرک کے درمیان الیکٹرک گاڑیاں بنانے کا مشترکہ منصوبہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے پر جولٹا الیکٹرک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد اور مارگلہ ہیوی انڈسٹریز کے سی ای او احسن ندیم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر جولٹا الیکٹرک کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہزیب امجد اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس منصوبے کے تحت الیکٹرک گاڑیاں پاکستان بھر میں سرکاری اداروں، کارپوریٹ سیکٹر اور نجی صارفین کو فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے میں جدید ‘سواپیبل بیٹری ایکو سسٹم’ کی ترقی پر بھی کام کیا جائے گا جو گاڑیوں کی فنی کارکردگی کو بہتر بنائے گا۔
یہ مشترکہ منصوبہ دو اور تین ویلر الیکٹرک گاڑیوں کے بعد چار ویلر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا بھی آغاز کرے گا، جو ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔


