اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاور ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ جون میں بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا اور بجلی صارفین کو 5 سے 6 روپے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے بوجھ سے بچا لیا گیا ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق، ایل این جی کی بندش اور مہنگے فرنس آئل کے استعمال کے باوجود صارفین پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔
پاور ڈویژن نے بتایا کہ صارفین کو ممکنہ 38 ارب روپے کے اضافی بوجھ سے بچا لیا گیا ہے اور ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کو 1.73 روپے فی یونٹ کے اضافے پر روکا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، پالیسیوں کے تسلسل، بجلی کی طلب میں اضافے اور اسپیشل پیکج کے باعث صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پہلی سہ ماہی میں بجلی صارفین کو 65 ارب روپے کی واپسی ممکن ہوئی اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے صارفین کو 1.93 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔
آئندہ ماہ ریفرنس ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں بلکہ تقریباً 20 پیسے تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔


