صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی افریقہ کے قومی دن پر قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات آئندہ سالوں میں مزید مستحکم ہوں گے جو عوام کیلئے مزید خوشحالی و فلاح و بہبود کا سبب بنیں گے۔
پیر کو جاری بیان میں صدر زرداری نے کہاکہ جنوبی افریقہ کے صدر ماتامیلا سیرل رامافوسا اور جنوبی افریقہ کے عوام کو قومی دن پر مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو کہ مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد، اور امن، ترقی و کثیرجہتی تعاون کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔
صدر نے جنوبی افریقہ میں نسل پرست (اپارتھائیڈ) حکومت کے دور میں پاکستان کے اصولی موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1948ء میں ہی پاکستان نے جنوبی افریقہ کی نسل پرست حکومت کیساتھ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
صدر زرداری نے کہا کہ لوگوں کو اب بھی پاکستانی پاسپورٹ پر لگی وہ مہر یاد ہے جس پر لکھا ہوتا تھا کہ یہ پاسپورٹ جنوبی افریقہ (نسل پرست) اور اسرائیل کیلئے کارآمد نہیں اور یہ 1994ء میں جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خاتمے تک جاری رہا۔
صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات آنیوالے سالوں میں مزید مستحکم ہوں گے جو عوام کیلئے مزید خوشحالی اور فلاح و بہبود کا سبب بنیں گے۔


