وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ خواتین کو کاروباری مواقع کی فراہمی روشن مستقبل کی ضمانت ہے، گوادر ویمن بازار خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، دائرہ کار مختلف شہروں تک بڑھایا جائے گا۔
جمعہ کو وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر میں خواتین کے پہلے بازار گوادر ویمن بازار کا افتتاح کیا، بازار میں 14دکانیں قائم کی گئی ہیں، وزیراعلی بازار کا دورہ کیااورخواتین دکانداروں سے ملاقات کر کے درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہی حاصل کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بازار کے قیام سے خواتین کو روزگار کے مواقع میسر آنا شروع ہونگے، خواتین کی معاشی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، انہیں بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے، حکومت خواتین کو کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، گوادر ویمن بازار خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے ،دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا ۔


