امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو ہم بھی بھاری ٹیرف عائد کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے برطانوی حکومت کی جانب سے امریکی ٹیک کمپنیوں پر لگائے گئے ڈیجیٹل ٹیکس کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام امریکی کاروباری مفادات کیخلاف ہے۔
انہوں نے برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کو بالواسطہ پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ٹیکس پالیسی برقرار رہی تو امریکا جوابی کارروائی کے طور پر برطانوی مصنوعات پر بڑے پیمانے پر ٹیرف نافذ کر سکتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ امریکا اپنی کمپنیوں کیساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کریگا اور اس معاملے پر سخت موقف اپنایا جائیگا۔
ماہرین کے مطابق یہ بیان امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک پہلے ہی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹیکس کے معاملے پر اختلافات رکھتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان یہ تنازع بڑھتا ہے تو اس کے اثرات عالمی تجارت، ٹیکنالوجی سیکٹر اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی پڑ سکتے ہیں۔


