وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں کے درمیان برادرانہ گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے قطری جنگی طیاروں کی جانب سے پاکستانی طیارے کو سکواڈ کی صورت میں دئیے گئے استقبال پر شکریہ ادا کیا اور قطر کی مہمان نوازی کو سراہا، خطے کی صورتحال خصوصاً خلیجی خطے میں امن و استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے قطر اور دیگر ممالک پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قطری عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اپنے سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے جہاں انکا پرتپاک استقبال کیا گیا، وزیراعظم آفس کے مطابق دوحہ پہنچنے پر قطر کے وزیر مملکت خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم اور انکے وفد کا استقبال کیا جبکہ قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، اس موقع پر دوحہ ائیرپورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے بھی سجایا گیا تھا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور بین الاقوامی میڈیا کیلئے وزیراعظم کے ترجمان مشرف زیدی بھی ہیں۔


