ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا بحران مزید شدید ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کا مجموعی شارٹ فال 5ہزار 726میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا ہے، پیداوار 14ہزار 274 میگاواٹ جبکہ طلب 20ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔
پاور ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق پن بجلی کی پیداوار 1ہزار 530میگاواٹ، تھرمل 7ہزار 814میگاواٹ، سولر سے 450میگاواٹ اور ونڈ انرجی سے ایک ہزار 490میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، نیوکلیئر پاور پلانٹس 2 ہزار 890میگاواٹ جبکہ بگاس پاور پلانٹس 100میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کر رہے ہیں۔
وزارت کے مطابق پیداوار اور طلب کے درمیان بڑا فرق برقرار ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔


