پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ اتفاق وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں کے موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کاندا سے ملاقات میں طے پایا، ملاقات میں مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھائو پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹیجی کو اہم سنگ میل قرار دیا اور پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔
انکا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے جائزوں میں مثبت پیشرفت کی امید ہے، رسدکے بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات جاری ہیں، سٹیٹ بینک کیساتھ معاشی اثرات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے، وزیر خزانہ نے وزیراعظم کی جانب سے صدر اے ڈی بی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
دریں محمد اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی جس میں عالمی معاشی چیلنجز اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ترقی پذیر ممالک میں خوراک اور توانائی کے تحفظ پر گفتگو کی گئی اور عالمی حالات کے معیشت پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
انتونیو گوتریس نے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کیلئے انکی کوششوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ نے فِچ ریٹنگز کے حکام سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان کی کریڈٹ پروفائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، فِچ کی جانب سے پاکستان کی B-ریٹنگ برقرار پر وزیر خزانہ نے خیرمقدم کیا۔
وزیر خزانہ نے فرینکلن ٹیمپلٹن کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کی جس میں نجکاری اور کیپٹل مارکیٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے حکومت کے جاری نجکاری پروگرام پر بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ 29سرکاری ملکیتی اداروں کو نجکاری کمیشن کے حوالے کیا جا چکاہے، اسلام آباد، کراچی اور سیالکوٹ ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کی جا رہی ہے، انہوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پر بھی روشنی ڈالی۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی باضابطہ طور پر قائم کی جا چکی ہے، بائنانس اور دیگر ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندگان کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں، سٹیٹ بینک نے 2018میں کرپٹو کرنسی لین دین کیلئے بینکاری ذرائع کے استعمال پر عائد پابندی واپس لے لی ہے، انہوں نے سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے حکام کیلئے ایک منظم تربیتی پروگرام کے قیام میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
وزیر خزانہ نے جے پی مورگن چیس کے سینئر نمائندوں سے بھی ملاقات کی،انہوں نے عندیہ دیا کہ پاکستان تقریباً چار سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخلے کی تیاری کر رہا ہے، انہوں نے جے پی مورگن ٹیم کو پاکستان کے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا جس کے تحت قریبی مدت میں روپے سے منسلک ڈالر میں نامزد مالیاتی آلات کے اجرا کی توقع ہے۔
انہوں نے ٹیم کو ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے اتھ طے پانیوالے معاہدوں کے بارے میں بریفنگ دی جو پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کی معاونت کیلئے کئے گئے ہیں، محمد اورنگزیب نے جے پی مورگن ٹیم کو یقین دہانی کرائی کہ اجلاس کے دوران پیش کی گئی مختلف مالیاتی تجاویز اور مارکیٹ آپشنز کا بغور جائزہ لیا جائیگا۔


