خیبرپختونخوا میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن جاری ہے جس سے صوبے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہوگیا ہے۔
اس صورتحال کے حوالے سے بجلی کی تقسیم کار کمپنی پیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں شارٹ فال کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، جبری لوڈ مینجمنٹ کا مقصد خام تیل سے پیدا ہونیوالی بجلی کے اضافی بل سے صارفین کو بچانا ہے، گزشتہ کچھ عرصے میں بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات بجلی پیداوار پر بھی پڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنریشن شارٹ فال کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ جبکہ سپلائی میں کمی واقع ہوئی ہے، اسوقت پیسکو کی مجموعی طلب 2000میگاواٹ ہے جبکہ سپلائی 1351میگاواٹ تک محدود ہے جس کے باعث طلب اور رسد میں واضح فرق پیدا ہو گیا ہے، اسی فرق کی وجہ سے شیڈول کے علاوہ 3سے 4گھنٹے اضافی لوڈ مینجمنٹ بھی کی جا رہی ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ کم سے کم لوڈ مینجمنٹ کی جائے تاکہ صارفین کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ترجمان نے کہا کہ جیسے ہی جنریشن شارٹ فال ختم ہوگا فورسڈ لوڈ مینجمنٹ بھی ختم کر دی جائیگی، صارفین بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں 118پر کال کریں۔


