واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ اپنے اختتام کے "بہت قریب” ہے۔
ٹرمپ نے فاکس نیوز کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر میں ابھی پیچھے ہٹ جاؤں تو انہیں اس ملک کو دوبارہ بنانے میں 20 سال لگ جائیں گے اور ابھی اختتام نہیں ہوا۔ ٹرمپ نے کہا کہ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ وہ معاہدہ کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔
اس سے قبل نیو یارک پوسٹ کے مطابق منگل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور ’’اگلے 2 دن میں پاکستان میں ہو سکتا ہے‘‘۔
رپورٹس کے مطابق تمام فریق موجودہ 2 ہفتوں کی جنگ بندی ختم ہونے سے پہلے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لئے مشکل کوششیں کر رہے ہیں۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کے ایک ذریعے کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لئے آئندہ امن مذاکرات کسی بھی وقت اور کہیں بھی ہو سکتے ہیں تاہم ابھی تک کچھ طے نہیں ہوا۔
گزشتہ ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان براہ راست مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئے۔ ایران نے مستقل علاقائی جنگ بندی اور پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا جبکہ امریکہ نے جوہری ہتھیاروں کی قابل تصدیق تخفیف اور آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی پر زور دیا۔


