سندھ حکومت نے صوبے میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے بڑے اہم فیصلے کئے ہیں، نئی بسیں اور روٹس بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کئے گئے ہیں، اجلاس میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، نئے روٹس کے اجراء اور خواتین کیلئے خصوصی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق سمیت دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے رواں ہفتے سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سکھر اور حیدرآباد میں خواتین کو پنک سکوٹیز فراہم کرنے کی تقریبات جلد منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی ہے، کراچی کے بعد سکھر اور حیدرآباد کی خواتین کو پنک سکوٹیز کی فراہمی ایک اہم قدم ہے، اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے ای وی، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ حیدرآباد کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، حیدر چوک تا کوہسار اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر پیپلز بس سروس جلد شروع کی جائیگی، آئندہ مالی سال مزید بسیں ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ بنیں گی، صوبے کے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار بس سروس شروع کی جائیگی جبکہ کراچی میں بڑھتی آبادی کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے نئے روٹس بھی متعارف کرائے جائینگے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا مطابق سکھر تا شکارپور روڈ پر پیپلز بس سروس آئندہ ہفتے باقاعدہ طور پر شروع کر دی جائیگی جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنیوالے ہزاروں مسافروں کو ریلیف ملے گا، منصوبے کے اگلے مرحلے میں خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور کے روٹس پر بھی پیپلز بس سروس چلائی جائیگی، ای وی ٹیکسی اور پنک ٹیکسی سروس کے آغاز کیلئے چارجنگ سٹیشنز اور دیگر ضروری انفرا اسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے، اس ماہ کے آخر تک ای وی ٹیکسی سے متعلق تمام ضروریات مکمل کر لی جائیں گی، ای وی ٹیکسی سروس جلد عوام کیلئے دستیاب ہوگی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور شہریوں کو سہولت میسر آئیگی۔


