پاکستان کے جید علمائے کرام مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمن نے پاکستان کی میزبانی میں ہونیوالے ایران، امریکہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ رکوانے میں پاکستانی قیادت کو اللہ تعالی نے انتہائی نازک اور متوازن کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائی ہے۔
مذاکرات کی کامیابی پر عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کا مفاد وابستہ ہے، وزیراعظم نے اس موقع پر عوام سے دعاء کی اپیل کی ہے، اس لئے ہم سب کو دعاء میں مصروف رہنا چاہئے۔
دوسری جانب مفتی منیب الرحمن نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی شبانہ روز کوششوں سے ایران امریکہ مذاکرات کیلئے تیار ہوئے، ایران امریکہ مذاکرات پاکستان کی سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ مذاکرات میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، چین اور سعودی عرب نے بھی پس پردہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی اور نیتن یاہو کے سوا پوری دنیا خوش ہے، فریقین کے اعلی سطحی وفود کو دیکھ کر امید کی کرن دکھائی دیتی ہے، مسئلے کو تحمل، حکمت، تدبر اور مضبوط قوت ارادی سے حل کرنے کی ضرورت ہے، مذاکرات کی کامیابی پاکستان کیلئے تاریخی اعزاز ہوگا۔


