یوکرائنی ڈرونز حملوں کے نتیجے میں گزشتہ ماہ 35,351 روسی فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرائنی وزیر دفاع میخائیلو فیڈوروف نے دعویٰ کیا ہے کہ ہر حملے کا ویڈیو ثبوت موجود ہے، فروری کے مقابلے میں یہ شرح 29فیصد زیادہ ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں شائع اعداد و شمار کے مطابق 2026ء کے پہلے 3ماہ میں روس نے ہر ایک اسکوائر کلو میٹر علاقے کے حصول کیلئے اوسطا 316فوجیوں کا نقصان اٹھایا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس روزانہ اوسطا 940فوجی بھرتی کر رہا ہے جبکہ ہدف 1,120یومیہ تھا جس سے سال کے آخر تک 65ہزار فوجیوں کی کمی کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب یوکرائنی صدر ولودومیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ روسی فوج کو ماہانہ 50ہزار فوجیوں تک کا نقصان پہنچانا ہمارا اسٹریٹجک ہدف ہے۔
یوکرائن کی فوج کے سربراہ اولیکساندر سرسکی کے مطابق مارچ میں 151,207 ڈرون حملے ایک نیا ریکارڈ ہے، یوکرین اب روزانہ تقریبا ہزار ڈرون مشنز انجام دے رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرائن نے روسی ڈرونز کو مار گرانے کیلئے جدید انٹرسیپٹر ڈرونز بھی تیار کیے ہیں جبکہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے نئے میزائل بھی جلد تعینات کیے جانے کے قریب ہیں۔


