وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ امریکہ، ایران جنگ بندی پر فوری عملدرآمد پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، عالمی سطح پر ہمارے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارتِ خارجہ اس تمام عمل میں بھرپور طور پر متحرک رہی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ وہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کیساتھ رابطے میں رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یہ بہت بڑی جنگ تھی جس سے خطہ بچ گیا ہے، آج کا دن معرکہ حق کی طرح پاکستانی قوم کیلئے فخر کا دن ہے، دنیا کی مارکیٹوں میں مثبت رجحان سفارتی پیشرفت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیرپا امن کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت اولین ترجیح امن کا قیام ہے، آئندہ 48 گھنٹے اور آنے والے دن انتہائی اہم ہیں، پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، عوام کو آئندہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ کہتے تھے پاکستان بین الاقوامی سطح پر کردار ادا کرے گا، وہ وقت آگیا ہے۔


