وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی میں تبدیل کرینگے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کو امریکا ایران مذاکرات کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے، اللہ نے پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، پاکستان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ہمیں خطے اور دنیا کو آگ کے شعلوں سے بچا کر پر امن لانا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم کی اجلاس میں آمد پر کابینہ اراکین نے تالیوں کیساتھ انکا خیرمقدم کیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اراکین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے بھی ڈیسک بجائے اور انہیں مبارکباد پیش کی، اجلاس میں تمام کابینہ اراکین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جنگ بندی کیلئے کی گئی کامیاب کوششوں اور مثبت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان پوری دنیا میں اپنے اہم سفارتی کردار کی وجہ سے جانا جا رہا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پاکستان کی سفارتی کوششیں عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکی ہیں، وزیراعظم نے اجلاس میں کابینہ کو جنگ بندی کیلئے ملک کی کامیاب کاوشوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔


