ہومتازہ ترینبہار تعطیلات کی کھپت نے چین کی معیشت میں نئی روح پھونک...

بہار تعطیلات کی کھپت نے چین کی معیشت میں نئی روح پھونک دی

بیجنگ (شِنہوا) چین میں موسم بہار کی تعطیلات ملک کی معاشی زندگی اور توانائی کی عکاسی کرنے والے ایک اہم آئینے کے طور پر ابھر رہی ہیں۔ پہاڑوں پر پھیلے پھولوں کے کھیتوں اور روایتی ثقافتی گلیوں سے لے کر ورچوئل رئیلٹی کے تجرباتی مراکز تک، ملک بھر میں سیاحوں کا بڑھتا ہوا رش ایک جدید صارف منڈی کی عکاسی کرتا ہے جو مجموعی معیشت کے لئے ترقی کی نئی رفتار پیدا کر رہی ہے۔

4 سے 6 اپریل تک جاری رہنے والی چھنگ منگ تہوار کی تعطیلات کے دوران چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر چھوفو میں واقع کنفیوشس کے ثقافتی تھیم پارک نی شان سیکرڈ لینڈ میں سیاحوں نے روایتی میزبانوں کی رہنمائی میں تازہ پھول تھام کر عقیدت کے ساتھ سر جھکائے اور یک زبان ہو کر کنفیوشس کے اقوال پڑھے۔

چین کے ہی ملحقہ صوبے جیانگ سو سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح ژو شوآن نے بتایا کہ میں موسم بہار کی چھٹیوں میں اپنے بچوں کو خاص طور پر کنفیوشس کی ثقافت کا تجربہ کروانے یہاں لایا ہوں۔ یہ ایک چھٹی بھی ہے اور تعلیمی دورہ بھی ہے۔

سیاحت کے اس مقام اور اس کے قریب واقع قدیم ثقافتی گاؤں لو یوآن میں حالیہ تعطیلات کے دوران سیاحوں کا شدید رش دیکھا گیا جہاں مجموعی طور پر 60 ہزار سے زائد سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

رواں سال چین کے مشرقی صوبوں جیانگ سو، آنہوئی اور چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان سمیت کئی علاقوں نے پرائمری اور مڈل سکول کے طلبہ کے لئے اپریل کے اوائل میں موسم بہار کی چھٹیوں کا انتظام کیا تھا جنہیں چھنگ منگ تہوار کی 3 روزہ تعطیلات کے ساتھ جوڑ دیا گیا تاکہ تقریباً ایک ہفتے کی طویل چھٹیاں بن سکیں۔

چھنگ منگ تہوار، جسے قبروں کی صفائی کا دن بھی کہا جاتا ہے، اس سال 5 اپریل کو منایا گیا۔ یہ ایک روایتی چینی تہوار ہے جس میں لوگ اپنے آباؤ اجداد کو یاد کرتے اور وفات پا جانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ساتھ ہی یہ ان لوگوں کے لئے ایک مختصر وقفہ بھی فراہم کرتا ہے جو بیرونی سرگرمیوں اور سیر و سیاحت کا شوق رکھتے ہیں۔

اس سال سکولوں کے لئے بہار کی نئی تعطیلات نے خاندانی اور والدین کے ساتھ بچوں کے سفر کی لہر پیدا کی، جس سے ٹرانسپورٹ، ثقافتی سیاحت اور رہائش سمیت پورے معاشی سلسلے میں صارفین کی سرگرمی میں اضافہ ہوا۔

ٹریول پلیٹ فارم چھونار کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس سال چھنگ منگ تہوار کی تعطیلات کے دوران 800 کلومیٹر سے زائد کا سفر کرنے والے مسافروں کے تناسب میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جبکہ 13 سے 18 سال کی عمر کے ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں 70 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ ایک اور پلیٹ فارم فلیگی نے رپورٹ کیا ہے کہ ملکی سطح پر ہوٹلوں کی بکنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیاحتی مقامات کے ٹکٹوں کی بکنگ 70 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں