وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدیوں پر محیط پاک، ترکیہ برادرانہ تعلقات تیزی سے جامع معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں، دونوں ممالک شہریوں کی انصاف تک رسائی کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں، انصاف کی جلد فراہمی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں بھی تجربات کے تبادلے کی وسیع استعداد موجود ہے۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے سربراہ قادر اوزقایا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
اس موقع پر ترکیہ کی آئینی عدالت کے ججز رضوان گولیچ اور رجائی آق یل، پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نظیر اوغلو بھی شریک تھے جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدیوں پر محیط پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات تیزی سے جامع معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں، دونوں ممالک شہریوں کی انصاف تک رسائی کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفد کے دورے کے دوران دستخط ہونیوالی مفاہمتی یادداشت اس سمت میں پہلا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کی جلد فراہمی کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں بھی تجربات کے تبادلے کی وسیع استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، امیگریشن اور دیگر شعبوں میں قوانین اور ان کے نفاذ کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اس موقع پر ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ محبت ہر ترک کی رگوں میں بسی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ترکیہ کی آئینی عدالت 64 سال پرانی ہے اور اپنے وسیع تجربے کے تبادلے کیلئے پاکستان کے ساتھ پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے تیار ہے۔


