اے این ایف نے ملک گیر 8 کارروائیوں میں 2کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 164.38 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانیوالے پارسل سے کپڑوں میں جذب شدہ 7.8 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ ایک اور کارروائی میں سعودی عرب جانے والے پارسل سے اے بی سٹریپ میں چھپائی گئی 503 گرام چرس برآمد کی گئی، اسی طر ح شیخوپورہ کے علاقے چاہل کلاں ٹول پلازہ کے قریب 2 گاڑیوں سے 78 کلوگرام چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ملزم کے قبضے سے 39.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ گڈاپ ٹان میں ایک گاڑی سے 30کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
بیان کے مطابق راولپنڈی ریلوے سٹیشن کے قریب ملزم سے 4.8کلوگرام آئس اور 300گرام ہیروئن برآمد ہوئی، فیض آباد بس ٹرمینل کے قریب ایک اور ملزم سے 1کلوگرام آئس برآمد کی گئی جبکہ گوادر کے قریب کارروائی میں 2.380کلوگرام وزنی 4500 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔


