سوشل میڈیا انفلوئنسر اسد اسحاق (سد ریپر) کے گھر سے نامعلوم چور نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء لے اڑے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے۔
حکام نے کہا ہے کہ فرانزک ٹیم نے بھی شواہد جمع کر لئے ہیں، ملزم کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کرنے کی کوششیں جاری ہیں، پولیس کے مطابق متاثرہ انفلوئنسر کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے ایس ڈی پی او برکی آصف عطاء کو فوری طور پر ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔
دریں اثناء سد ریپر کی اہلیہ شیزا اسد نے ایک ویڈیو بیان میں گھر میں ہونیوالی واردات کی تفصیلات بیان کی ہیں، انکا کہنا تھا کہ واقعہ کے وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، جب میں واپس پہنچیں تو گھر کا سارا سامان بکھرا ہوا تھا، چور دروازوں کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھر میں موجود سونا، نقدی اور کیمرے سمیت قیمتی اشیا لے گئے، علاقے میں سکیورٹی کا کوئی موثر نظام موجود نہیں جسکے باعث ایسے واقعات پیش آ رہے ہیں۔


