بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے ایسے اقدامات اور پالیسیوں کے خلاف تجارتی رکاوٹوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جو عالمی پیداوار اور سپلائی چینز کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ماحول دوست مصنوعات کی تجارت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
وزارت تجارت کے ترجمان نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بیجنگ کے وقت کے مطابق 12 مارچ کو امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر نے مبینہ ضرورت سے زیادہ پیداوار کے بہانے چین اور 15 دیگر معیشتوں کے خلاف سیکشن 301 کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اس کے فوراً بعد 13 مارچ کو ایک اور سیکشن 301کے تحت تحقیقات شروع کی گئیں، جن میں چین سمیت 59 دیگر معیشتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق چین نے ان دونوں اقدامات پر شدید عدم اطمینان اور سخت مخالفت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین کی متعلقہ صنعتوں کے مفادات کا مضبوطی سے تحفظ یقینی بنانے کے لئے وزارت نے چین کے غیر ملکی تجارت کے قانون اور غیر ملکی تجارتی رکاوٹوں سے متعلق قواعد کے مطابق یہ دو انکوائریاں شروع کی ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزارت تجارت ان تحقیقات کو قانون اور ضوابط کے مطابق آگے بڑھائے گی اور تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں مناسب جوابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


