صدر مملکت آصف زرداری نے سینئر ایرانی رہنما ڈاکٹر علی لاریجانی پر اسرائیلی حملے اور ان کی شہادت پر افسوس اور ایرانی حکومت و عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، خطے میں امن کے فروغ کی کوششوں کیلئے پرعزم ہے۔
جاری اعلامئے کے مطابق صدرِ مملکت نے نومبر 2025ء میں ڈاکٹر علی لاریجانی کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر دونوں رہنماں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تھا، ملاقات میں پاک ایران تعلقات کو مضبوط بنانے میں علی لاریجانی کے کردار کو بھی سراہا گیا تھا۔
صدر زرداری نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث انسانی جانوں اور انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جس سے سنگین معاشی اثرات اور عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ ،کشیدگی میں کمی کیلئے مکالمے و سفارتی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے تمام فریقین پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور دشمنیوں کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے مکالمے اور سفارتکاری کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔
صدرِ مملکت نے کہا امید ہے صورتِ حال جلد مستحکم ہوگی اور مزید جانی نقصان اور علاقائی اثرات سے قبل امن بحال ہو جائے گا۔


