اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت ، عالم اسلام کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسلمان متحد نہ ہوئے تو کل سب کی باری آئے گی،مسلمانوں کے خون سے رنگے اسرائیلی ہاتھ کو جھٹکنا ہوگا،افواج کی مضبوطی ،عوامی عزم نے اپنے سے 5گنا بڑے دشمن کو مٹی میں رول دیا،بی ایل اے ، ٹی ٹی پی کے ہمدرد ملک کے غدار ہیں،ایک شخص کو ساری سیاست کا محور بنا نا درست نہیں ،الیکشن گزرے ڈیڑھ سال ہو گیا مگر ایک ہی راگ الاپا جارہا ہے۔
ہفتے کو سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں خواجہ آصف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا اور ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا ،قیادت کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایران ہمارا ہمسائیہ ملک ہے جس کیساتھ ہمارے صدیوں سے تعلقات ہیں، ہم آزمائش کی گھڑی میں ہر طریقے سے ایران کیساتھ ہیں، ہم ایرانی مفادات کی حفاظت کریں گے، ایرانی ہمارے بھائی ان کا دکھ درد، غم مشترک ہے۔
انہوں نے او آئی سی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر اسرائیل کا مقابلہ کریں، اسرائیل کیخلاف دنیا میں مضبوط آواز اٹھ رہی ہے، مغربی دنیا کی غیر مسلم عوام اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں، غیر مسلموں کے ضمیر جاگ رہے ہیں لیکن مسلمانوں کے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے یمن، ایران اور فلسطین کو نشانہ بنایا ہوا ہے، عالم اسلام کا اتحاد ضروری ہے، اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی اور ہم خاموش رہے تو سب کی باری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کہ پاکستان اپنے موقف پر روز اول سے مضبوطی سے کھڑا ہے، اسرائیل کو تسلیم کیا نہ ہی تعلقات بنائے، پچھلے چند سالوں میں کچھ پاکستانی نژاد اسرائیل گئے لیکن کس طرح گئے کس نے معاونت دی اس کی تفصیلات میں نہیں جاتا۔
انہوںنے کہا کہ عالم اسلام کا اتحاد اس وقت نظر آنا چاہئے، اسلامی دنیا میں اسرائیل کیساتھ تعلقات منقطع ہونے چاہئیں، مسلمانوں کے خون سے رنگے اسرائیلی ہاتھ کو جھٹک دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان پر حملے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑی، بھارتی حکمران تذلیل کا شکار ہوئے، دنیا کے سامنے اس کا طلسم مسمار ہوا، ہماری افواج کی مضبوطی اور عوام کے عزم نے اپنے سے 5گنا بڑے دشمن کو مٹی میں رول دیا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے اورٹی ٹی پی بھارت کے ایجنٹ ہیں، ان کا ہمدرد ملک کا غدار ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پاک فضائیہ نے بھارت کو شکست دی تھی مگر سیاسی قیادت کی کمزوری نے قومی وقار کو نقصان پہنچایا،بھارتی پائلٹ ابھینندن کی واپسی پر ہم آج بھی شرمندہ ہیں، یہ وہ لمحہ تھا جب ایوان میں کانپیں ٹانگنے کی باتیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بار بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، کسی مرحلے پر کسی کے ذہن میں یہ خیال تک نہیں آیا کہ قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ کریں گے،طویل مدت کے بعد ریاست پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے کہ ان کے محافظ دلیر اور باحوصلہ ہیں۔
انہوںنے کہا کہ ساری سیاست کا محور ایک شخص کو بنا دینا حب الوطنی نہیں ، ملکی تاریخ میں بڑے بڑے لوگ آئے اور رخصت ہوئے، بقا وطن کو ہے، نئی لیڈرشپ تیار کریں تاکہ پارٹی زندہ رہے، یہ پیری فقیری نہیں کہ آپ گدی نشین بن جائیں، الیکشن کو گزرے ڈیڑھ سال ہو گیا ہے اور ایک ہی راگ الاپا جارہا ہے۔
بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بہترین بجٹ پیش کیا، عوام کو مکمل ٹھنڈی ہوا نہیں لگ رہی، آج بھی مسائل میں ہیں لیکن ہم ان مسائل سے نکل رہے ہیں، آئندہ کچھ ماہ یا سال میں بہتر معیشت ہو گی۔