پریس کلب بورے والا کے سالانہ انتخابات پروفیشنل گروپ نے اکثریتی نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی، محمد ارشد ڈوگر چیئرمین، حافظ جنید احمد شیخ صدر، عبداللطیف غزنوی جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پریس کلب بورے والا کے سالانہ انتخابات چیئرمین الیکشن بورڈ اکرام الحق ثاقب، اراکین الیکشن بورڈ ظہیر اسلم مرزا، میاں شاہد سلیم اور آبزرور صدر بار ایسوسی ایشن رانا الطاف حسین کی زیر نگرانی منعقد ہوئے جس میں کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
چیئرمین کے عہدے پر محمد ارشد ڈوگر نے 17ووٹ حاصل کر کے میاں طارق محمود کو 13ووٹوں سے شکست دی، صدر کے عہدے کیلئے پروفیشنل گروپ کے حافظ جنید احمد شیخ نے 17ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی جبکہ ان کے مدمقابل سمیع اللہ جٹ 14ووٹ لے سکے۔
جنرل سیکرٹری کے عہدے پر عبداللطیف غزنوی 17ووٹ لے کر کامیاب رہے۔
سینئر نائب صدر کے عہدے پر ندیم انجم سندھو 16 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ شہباز حاکم قریشی 15ووٹ حاصل کر سکے۔
نائب صدر ملک نعیم جاوید نے 17ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل ملک عبدالغفار 13ووٹ حاصل کرسکے۔
فنانس سیکرٹری کے عہدے پر محمد کریم سیفی 17ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ رانا عبدالوحید خان 14 ووٹ حاصل کر سکے۔
ڈائریکٹر پروگرامز کے عہدے پر محمد شیر خان کھچی بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر کاشف اقبال چوہدری نے 16ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل محمد صفدر چوہدری 15ووٹ لے سکے۔
انتخابات میں پروفیشنل گروپ کی قیادت سابق صدور اصغر علی جاوید (کامریڈ)، چوہدری اصغر علی جاوید، ندیم مشتاق رامے اور سابق چیئرمین مہر اعجاز احمد کر رہے تھے۔
کامیاب امیدواروں نے صحافتی برادری کی فلاح و بہبود اور ادارے کے وقار میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


