اسلام آباد : الیکشن کمیشن میں پی پی 32 کے ضمنی انتخاب میں مرحومین کے ووٹ کاسٹ ہونے کے ثبوت پیش کر دئیے گئے جبکہ کمیشن نے پی پی 32 گجرات کے آر او سے3 دن میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کامیاب امیدوار موسی الٰہی کو نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی پی 32ضمنی الیکشن میں دھاندلی سے متعلق پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔
دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پی پی 32گجرات ضمنی الیکشن کے پورے حلقے میں دھاندلی ہوئی، 18پولنگ سٹیشنز پر 10فیصد سے کم خواتین نے ووٹ کاسٹ کئے، کچھ پولنگ سٹیشنز پر 91فیصد سے زائد ووٹ ڈالے گئے جبکہ 832ایسے ووٹ ڈالے گئے جو لوگ بیرون ملک ہیں یا انتقال کرچکے ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے استفسار کیا کہ کس طرح ثابت کریں گے کہ ووٹرز بیرون ملک ہیں جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جو لوگ انتقال کرچکے ہیں ان کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ درخواست کے ساتھ لگائے گئے ہیں، پولیس کی نگرانی میں بند کمروں میں ووٹ ڈالے گئے۔
الیکشن کمیشن نے پی پی 32گجرات کے ریٹرننگ افسر سے 3روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے پی پی 32گجرات پر کامیاب امیدوار موسی الٰہی کو نوٹس جاری کردیا اور کیس کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
Load/Hide Comments