بیجنگ (شِنہوا) چین نے یکم جنوری 2026 سے مسافر گاڑیوں اور ہلکی کمرشل گاڑیوں میں ایندھن کے استعمال کو کم کرنے کے لئے3 لازمی قومی معیارات نافذ کئے ہیں۔
ریاستی انتظامیہ برائے مارکیٹ ریگولیشن کے مطابق نئے قواعد 15ویں 5 سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران گاڑیوں میں توانائی کی بچت کے لئے سخت اصول مقرر کرتے ہیں۔
مسافر گاڑیوں کے لئے معیار روایتی توانائی اور ہائبرڈ ماڈلز کے مجموعی ایندھن کی حد کو تقریباً 18 فیصد کم کر تے ہیں۔ مثال کے طور پر تقریباً 1.5 ٹن وزنی خودکار گاڑی کا ایندھن کا استعمال 100 کلومیٹر کے لئے زیادہ سے زیادہ 7.74 لٹر ہوگا۔
نئے قواعد مسافر گاڑیوں کے لئے 2030 تک 100 کلومیٹر پر اوسط ایندھن کے استعمال کا ہدف 3.3 لٹر مقرر کرتے ہیں جو تقریباً 48 فیصد کمی ہے تاکہ عالمی معیار کی سطح تک پہنچا جا سکے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ خالص برقی اور پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں کا ایندھن اور توانائی کا استعمال بھی حساب میں شامل کیا جائے گا۔
ہلکی کمرشل گاڑیوں کے لئے ایندھن کی حد میں مجموعی طور پر 10 فیصد کمی کی گئی ہے۔ نئے قواعد کے تحت تقریباً 2 ٹن وزن والا پٹرول ٹرک 100 کلومیٹر کے لئے 9.13 لٹر سے زیادہ ایندھن استعمال نہیں کر سکتا۔
یہ معیار ہلکی کمرشل گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے لئے بھی اوسط ایندھن کے استعمال کے ہدف متعارف کراتے ہیں، جس کے تحت 2030 تک پٹرول والے ٹرکوں کے لئے 100 کلومیٹر پر ایندھن کا ہدف 5.7 لٹر مقرر کیا گیا ہے جو عالمی سطح پر اعلیٰ معیار کے برابر ہوگا۔
ان اقدامات سے آٹو انڈسٹری میں تکنیکی ترقی کو فروغ ملنے کی توقع ہے اور صارفین کو زیادہ توانائی موثر گاڑیاں فراہم ہوں گی تاکہ ماحول دوست سفر کو آسان بنایا جا سکے۔


