بیجنگ(شِنہوا) چین کے سب سے شمالی سیٹلائٹ ڈیٹا وصول کرنے والا اسٹیشن باضابطہ طور پر جمعہ کو فعال ہو گیا ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے تحت ایرو اسپیس انفارمیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، جو کہ اس اسٹیشن کا ڈویلپر ہے کے مطابق چین کے صوبہ حئی لونگ جیانگ میں سب سے شمالی شہر موہے میں واقع یہ اسٹیشن سیٹلائٹ ڈیٹا کو خود کار طریقے سے وصول کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ نے بتایا کہ اسے اب 25 قومی زمینی مشاہداتی سیٹلائٹس سے ڈیٹا وصول کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
موہے اسٹیشن کی زیادہ سے زیادہ چینل ڈاؤن لنک ڈیٹا کی رفتار 2 گیگا بِٹس فی سیکنڈ ہے اور یہ وصول کیے گئے ڈیٹا کو حقیقی وقت میں منتقل کر سکتا ہے۔ اپنے اعلیٰ عرض بلد کے جغرافیائی فائدے کو بروئے کار لاتے ہوئے، یہ اسٹیشن قطبی مدار میں گردش کرنے والے سیٹلائٹس کے لیے روزانہ ڈیٹا وصول کرنے کی کھڑکی کو 20 فیصد سے زیادہ بڑھا سکتا ہے۔
موہے اسٹیشن کی تعمیر جولائی 2022 میں شروع ہوئی تھی۔ یہ اکتوبر 2023 میں آزمائشی آپریشن کے مرحلے میں داخل ہوا۔ اس سال نومبر کے آخر تک، اسٹیشن نے کامیابی کے ساتھ 1 ہزار600 ٹیرا بائٹس سے زیادہ مجموعی سیٹلائٹ ڈیٹا وصول کیا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ موہے اسٹیشن کے اضافے نے چین کے سیٹلائٹ گراؤنڈ ریسیونگ نیٹ ورک کی جغرافیائی تقسیم کو مزید بہتر بنا دیا ہے۔


