اسلام آباد: پاکستان نے نریندر مودی کی انتخابی ریلی میں تقریر کو نفرت انگیز، پرتشدد و عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انتخابی ریلی میں بھارتی وزیراعظم مودی کے بیان پر ردعمل ظاہر دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مودی کے بیان کو لاپرواہی اور اشتعال انگیزی سمجھتا ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51کے تحت دفاع کا حق محفوظ ہے،پاکستان اپنی سالمیت، خود مختاری کے لئے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرے گا۔
وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو بھارت کی بیان بازی کا نوٹس لینا چاہیے، اس سے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچتا ہے، بھارت کو انتہا پسندی کی فکر ہے تو اسے اندرون ملک ہندوتوا اور اقلیت دشمنی پر توجہ دینی چاہئے۔
ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات واضح طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں جو رکن ممالک کو تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے اور دیگر ریاستوں کی خودمختاری یا سیاسی آزادی کے خلاف دھمکی یا طاقت کے استعمال سے باز رہنے کا پابند کرتا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مودی کے بیان کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔