اسلام آباد (لارڈ میڈیا): شدید گرمی اور حبس کے دوران ملک بھر میں طویل دورانیے کی بجلی بندش جاری ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شارٹ فال کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 16 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔
ملک کے جنوبی علاقوں، خصوصاً جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک بڑھ چکا ہے۔ بڑے شہروں میں یہ دورانیہ 6 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 گھنٹے تک ہے۔ بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے بھی زائد ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق آر ایل این جی کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں تقریباً 3,600 میگاواٹ کی کمی ہوئی ہے، جبکہ منگلا ہائیڈرو پاور منصوبے سے پیداوار بھی تقریباً 195 میگاواٹ کم ہے۔ آر ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کی پیداوار میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
ترجمان واپڈا نے بتایا کہ دریاؤں میں پانی کی آمد اور اخراج کی صورتحال مختلف مقامات پر بہتر ہے۔ تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں مجموعی پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ 13 لاکھ 99 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔


