اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے سمیت اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ازبکستان میں تعینات پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے ازبک نائب وزیراعظم جمشید خودجایف سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی سفیر نے ازبکستان کے 35ویں یوم آزادی پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے ازبکستان کی مختلف شعبوں میں کامیابیوں کی تعریف کی۔ ازبک نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اداروں، کاروباری برادری اور چیمبرز کو متحرک کرکے اقتصادی تعاون کی وسیع صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
محمد مدثر ٹیپو نے یقین دلایا کہ پاکستان مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جبکہ دونوں ممالک نے اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے ایک جامع روڈ میپ بھی تیار کر رکھا ہے۔


