اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر وفاق کے زیر انتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے اور آڈٹ مجاز فائر سیفٹی کمپنی کے ذریعے جامع طور پر کرایا جائے گا۔ آڈٹ کے دوران فائر الارم، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹ اور انخلا کے راستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزید برآں، اسپتالوں میں بجلی اور دیگر ممکنہ فائر ہیزرڈز کی بھی جانچ کی جائے گی۔ ایمرجنسی رسپانس کے انتظامات اور کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتال کے عملے کی تیاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزارت صحت نے ہدایت کی ہے کہ فائر سیفٹی آڈٹ کے دوران جو خامیاں سامنے آئیں گی، انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔
تمام اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آڈٹ کے آغاز، متعلقہ فائر سیفٹی کمپنی کے نام اور آڈٹ مکمل ہونے کی متوقع تاریخ سے وزارت صحت کو فوری آگاہ کریں۔ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو سرکاری اور نجی صحت اداروں میں فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے اور اس کی تصدیق کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق رپورٹ میں ان صحت اداروں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں فائر سیفٹی آڈٹ شروع کردیا گیا ہے اور ان اداروں کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی جہاں آڈٹ کا عمل ابھی زیر التوا ہوگا۔


