لاہور (لارڈ میڈیا): پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، منڈی بہاالدین، گجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپورتھل میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
سیف انور جپہ نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہری بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


