لاہور (لارڈ میڈیا) : پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کے لئے ریٹائرڈ فوجیوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت پنجاب کے 22 اضلاع میں ریٹائرڈ فوجی بطور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوشن آفیسرز بھرتی کیے جائیں گے۔ یہ بھرتی ایک سالہ کنٹریکٹ پر ہوگی، جس میں 60 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ اور محکمہ تعلیم کے رولز کے مطابق دیگر مراعات شامل ہوں گی۔
ریٹائرڈ فوجیوں کو سرکاری موٹر سائیکل بھی فراہم کی جائے گی اور کنٹریکٹ میں توسیع کی گنجائش بھی موجود ہوگی۔ یہ بھرتیاں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت ہوں گی۔ ریٹائرڈ فوجی جی سی اوز اور این سی اوز سے درخواستیں 7 ستمبر تک طلب کی گئی ہیں۔ امیدواروں کی عمر کی حد 30 سے 55 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ تعلیم کا معیار گریجویشن رکھا گیا ہے۔
آئی ٹی شعبہ میں تجربہ اور صحت مند ہونا ضروری ہے۔ پہلے مرحلے میں 28 مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوشن آفیسرز بھرتی کیے جائیں گے جن میں سے 21 ریٹائرڈ فوجی اور 7 سویلین ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں مزید اضلاع کے لئے بھرتیاں کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے سکولوں میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ڈیڑھ لاکھ اسکول ٹیچنگ انٹرنیز کے کنٹریکٹ میں 9 ماہ کی توسیع کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لئے بھیج دی گئی ہے اور جیسے ہی سمری منظور ہوگی، نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔


