کھٹمنڈو (لارڈ میڈیا) نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 469 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 900 افراد، جن میں 500 غیر ملکی بھی شامل ہیں، تاحال لاپتہ ہیں۔ نیپالی وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ دریائے تریشولی کے قریب ایک سرنگ سے 350 افراد کو نکالا گیا ہے اور فوج مزید 100 افراد کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا نے اطلاع دی ہے کہ تبت میں 555 سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم چین کے سخت میڈیا ضوابط کے باعث تبت سے معلومات محدود ہیں۔ انڈیا، آسٹریلیا اور امریکا نے کہا ہے کہ ان کے شہری بھی لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔
ریڈ کراس کے عہدیدار نے بتایا کہ امدادی کارکن لاپتہ افراد کی تلاش میں ہیں، تاہم علاقے میں دوبارہ سیلاب کی اطلاع نے تشویش بڑھا دی ہے۔ چین اور نیپال کی سرحد پر ایک جھیل بن گئی ہے جس کی سطح بلند ہو رہی ہے، جس سے مزید تباہی کا خدشہ ہے۔
سیلاب سے نیپال کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، 80 پل اور تقریباً 40 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ چین کے ساتھ سرحدی گزرگاہ کی تباہی کے باعث سامان کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے، جس سے تجارتی سرگرمیوں میں خلل پڑا ہے۔


