نیویارک (لارڈ میڈیا) مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے حوالے سے تشویشناک پیشگوئی کی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اے آئی کی ترقی کے باعث متعدد ملازمتیں ختم ہو سکتی ہیں۔ اپنے بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ مخصوص شعبے انسانوں کے لیے مختص کیے جائیں تاکہ اے آئی ان کی جگہ نہ لے سکے۔
بل گیٹس نے تسلیم کیا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی رفتار توقعات سے کم ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اس کے اثرات کے حوالے سے تیار نہیں ہیں۔ ان کے مطابق، اے آئی کے لیے بین الاقوامی اور ملکی سطح پر فریم ورک تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملازمتیں، تعلیم، توانائی، اور دیگر شعبے متاثر نہ ہوں۔
بل گیٹس نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان عالمی تعاون کی ضرورت ہے اور اے آئی ٹیکنالوجی سے تعلیم پر مرتب ہونے والے اثرات پر بھی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ دہائی کے دوران اے آئی ٹیکنالوجی ہی ڈاکٹر اور استاد کی جگہ لے سکتی ہے۔
بل گیٹس نے فروری 2025 میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اے آئی ٹیکنالوجیز کی پیشرفت ہر ایک کے لیے قابل رسائی ہوگی اور یہ ہماری زندگی کے تمام پہلوؤں تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اے آئی اور ورچوئل اسسٹنٹس کی بدولت امراض کی تشخیص کا عمل بہتر ہو جائے گا۔


