اوٹاوا (لارڈ میڈیا): کینیڈا نے امریکی مصنوعات پر 50 فیصد تک جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ میں مزید شدت آنے کا خدشہ ہے۔ یہ اقدام امریکا کی جانب سے 22 اگست کو کینیڈین مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے۔
کینیڈین حکومت کے مطابق، ستمبر سے اسٹیل، ڈیری، الیکٹرانکس، زرعی آلات اور پلپ اینڈ پیپر پر ٹیرف نافذ ہوں گے۔ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے کہا کہ 8 ستمبر سے یہ نئے محصولات نافذ ہوں گے۔
کینیڈین وزیر خزانہ نے اوٹاوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ کینیڈا کے لیے ایک بے مثال چیلنج ہے، لیکن کینیڈا اس صورتحال کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔
امریکا نے کینیڈین مصنوعات پر 27.6 ارب ڈالر کے ٹیرف عائد کیے تھے، جس کے جواب میں کینیڈا نے امریکی ٹیرف متاثرین کی مدد کے لیے 7.5 ارب ڈالر کے پیکیج کا اعلان بھی کیا ہے۔


